اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز سے سابق ارکان قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، سابق سینیٹر تاج آفریدی نے وفد سمیت ملاقات کی، اس موقع پر سابق ایم پی ایز بلاول آفریدی، بصیرت بی بی، زبیر آفریدی ودیگر بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے مسلم لیگ ن میں شمولیت پر شاہ جی گل آفریدی اور سابق سینیٹر تاج آفریدی سمیت وفد کا خیرمقدم کیا اور مبارکباد دی۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے، مسلم لیگ ن میں پاکستان کے تمام رنگ شامل ہیں، پارٹی کو پورے ملک کے کونے کونے میں مضبوط کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پر 10 سال نالائقی، نااہلی اور کرپشن مسلط رہی، خیبرپختونخوا کے بہادر اور سچے لوگوں پر جھوٹ اور فریب کی حکمرانی رہی، خیبرپختونخوا اور وہاں کے عوام سے سال 10 سال ظلم ہوا، دہشت گردی واپس آ گئی، ان مسائل سے نجات دلائیں گے۔
مریم نواز سے ملاقات کے دوران شاہ جی گل آفریدی اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی قائد نوازشریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جس بہادری سے جبر کے حالات کا مقابلہ کیا وہ تاریخ کی سنہری مثال ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں مریم نواز کو پارٹی کی دوبارہ سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔