چیئرمین پی ٹی آئی نے پونے چار سال میں معیشت کا بٹھا بیٹھا دیا: رانا ثنا اللہ

Published On 17 June,2023 06:20 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، فیصل آباد کے مقامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2013ء میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، سوات میں اس وقت دہشت گردی عروج پر تھی، تاجر برادری نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا، ہماری حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کو ختم کیا، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے سی ٹی ڈی فورس بنائی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو 2014 کے دھرنے سے شروع کیا گیا، دھرنے میں آئی جی سمیت افسران کو دھمکیاں دی گئیں، کیا اس وقت بجلی کے بل نہیں جلائے گئے تھے؟، دھرنے میں سول نافرمانی کا اعلان کیا گیا، یہ وہی نفرت ہے جس پر تسلسل کے ساتھ کام کیا گیا، مخالفین کو چور، ڈاکو کہا گیا، ون پیج، ون پیج کا اس وقت بڑا شور مچایا گیا، مسلم لیگ اور نواز شریف کیخلاف ماحول بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، ان کو پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا، مقدمات بنائے گئے، لوگوں کو اس وقت کہا گیا مسلم لیگ (ن) کے بجائے آزاد الیکشن لڑیں، 2018 میں جس پراجیکٹ کو لایا گیا اس کی ضرورت کیا تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدارسنبھالا تو شہباز شریف، بلاول نے میثاق معیشت کا کہا، اس وقت اس نے کہا آپ میں سے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے پونے چار سال میں اکانومی کا بٹھا بیٹھا دیا، یہ نو مئی کو بالاآخر اپنے انجام کو پہنچے، اس نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر، بارود بھرا گیا، اس نے کہا اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو یہ ریڈلائن ہو گی، یہ تو پھر ریاست کے خلاف بغاوت ہے، جن سے بات کرنا چاہتا ہے ان کی روز منتیں کرتا ہے، وہ بات نہیں کرنا چاہتے۔