لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، سابق ایم این اے عبدالمجید خان خانان خیل اور سابق صوبائی وزیر نعیم خان بابا نے الگ الگ ملاقاتیں کی۔
لیگی رہنماؤں نے مریم نواز کو پارٹی کی چیف آرگنائزر منتخب ہونے، جنرل کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے: مریم نواز
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کارکنان کی محنت کے بل بوتے پر آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی، پارٹی کارکنان عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی امیدوار ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قائد نواز شریف کی پالیسیوں پر عمل کیا جائے گا، الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہیں، بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، انشاءاللہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔