کراچی: (دنیا نیوز) افواج پاکستان اور سول انتظامیہ کی کاوشوں سے سندھ میں سمندری طوفان سے بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں کو واپسی جاری ہے، متاثرین کو راشن ٹوکن بھی دیئے گئے۔
تمام ریلیف کیمپوں سے بے گھر لوگوں کی واپسی کے موقع پر رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کے سربراہ کو راشن ٹوکن بھی دیے گئے، سول انتظامیہ کی مدد سے متاثرین کو اپنے اپنے علاقوں تک بھی پہنچایا گیا۔
ضلع سجاول، جاتی علاقہ کے 5937 متاثرین میں سے 2375 افراد کو منتقل کیا گیا، نقل وحرکت کے لیے 32 گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں، سجاول کے کل 1331 متاثرین میں سے 200 افراد گھروں کو منتقل کیا گیا۔
شاہ بندر کے علاقے میں متاثرین کی کل تعداد 10284 ہے، جن میں سے 9168 افراد کو منتقل کیا گیا، 27 گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں، ضلع بدین، ایس ایف راہو کے متاثرین کی کل تعداد 11100 ہے، راہو کے 3500 افراد کی منتقلی کو یقینی بنایا گیا، نقل وحمل کے لیے 35 گاڑیاں بھی مہیا کی گئیں۔
بدین کے علاقے میں بے گھر افراد کی تعداد 3588 ہے، جن میں سے 1412 کو منتقل کر دیا گیا، منتقلی کے لئے 24 گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں، پاک فوج اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ عوام کی مدد کیلئے اس مشکل گھڑی میں پیش پیش ہے۔