ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنا ہو گا، تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز میں مذاکرات ہونے چاہئیں۔
ملتان میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے شہید محترمہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کارکنان محترمہ شہید کی سالگرہ منا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپ ’’گل کو نا ہی ودھائیں‘‘ تو اچھا ہوگا، ندیم افضل چن کا اتحادیوں کو مشورہ
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو صاحبہ عظیم شخصیت اور مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، بھٹو صاحب کی شہادت کے بعد بے نظیر بھٹو صاحبہ نے سیاست کا علم بلند کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کئے، جنرل مشرف کو مجبور کیا کہ وہ پارٹی کی بنیاد پر الیکشن کرائیں، محترمہ کی شہادت کے بعد پارٹی برسراقتدار آئی، میاں نواز شریف گڑھی خدا بخش آئے تو زرداری صاحب نے انہیں الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرنے پر قائل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے جو جو وعدے کیے تھے پورے کریں: شرجیل میمن
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے جمہوریت ہے، ہماری مخلوط حکومت ہے، مختلف آراء ہیں، تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز میں مذاکرات ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی ایوب خان کے دور سے جدوجہد میں ہے، آج کے حالات کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے لئے قربانیاں دی ہیں، شہداء کی یادگاروں پر حملہ ہو گا تو یہ ملک پر حملہ ہو گا۔