اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی محترمہ شازیہ مری نے بتایا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی جانب سے بینظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط پیر 19 جون 2023 سے جاری ہو گی۔
وفاقی حکومت نے اس سال کے شروع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد چوتھی سہ ماہی قسط 9000 روپے ہو گی، بینظیر کفالت کے علاوہ، بینظیر تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ قسط بھی 6.7 ملین سکول جانے والے ایسے طلباء میں تقسیم کی جا رہی ہے جن کی سکول میں حاضری کم از کم 70 فیصد ہے۔
اس بار رقم کی ادائیگی پورے ملک میں قائم 1559 خصوصی طور پر منعقد کیمپ سائٹس کے ذریعے کی جائے گی، کیمپ سائٹس کے ذریعے وظیفے کی تقسیم کا مقصد مستحقین کو سہولت فراہم کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس دفعہ ایچ بی ایل اور بینک الفلاح کے اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی فراہمی دستیاب نہیں ہوگی اور نہ ہی بی آئی ایس پی کے قائم کردہ کیمپ سائٹ کے باہر پی او ایس پر کوئی ادائیگی کی جائے گی۔
بینظیر کفالت کے 90 لاکھ مستحق خاندانوں میں تقریباً 81 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مزید 16 ارب روپے تعلیمی وظائف کے 6.7 ملین مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے، یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ پرائمری سطح پرطالبات کو 2000 روپے جبکہ طلبا کو 1500 روپے دیے جاتے ہیں، سیکنڈری سطح پر طالبات اور طلبا کو بالترتیب 3000 اور 2500 روپے جبکہ ہائر سیکنڈری سطح پر 4000 اور 3500 روپے ادا کئے جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی محترمہ شازیہ مری نے اپنے پیغام میں رجسٹرڈ مستحقین پر زور دیا ہے کہ وہ ادائیگی کی رسید کے ساتھ 9000 روپے کی مکمل رقم وصول کریں، انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت نگرانی اور چوکسی کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مانیٹرنگ ٹیموں کو یہ احکامات بھی جاری کئے کہ مستحقین کی رقم سے کٹوتی کی کسی بھی شکایت کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بینظیر کفالت کے مستحقین 9000 روپے کی پوری رقم وصول کریں، اس کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف کے مستحقین اپنے بچے یا بچی کا مقرر کردہ وظیفہ بھی حاصل کریں۔
محترمہ شازیہ مری نے مستحقین پر زور دیا کہ وہ اپنی رقم گننے کے بعد رسید کا مطالبہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحقین کو فوری طور پر بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 26477-0800 پر اطلاع کرنی چاہیے اور نقد رقم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کیمپ سائٹ پر تعینات بی آئی ایس پی افسر کو مطلع کرنا چاہیے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ بی آئی ایس پی کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات صرف 8171 سے آئیں گے اور کسی دوسرے نمبر یا کوڈ سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ایسے پیغامات جعلی اور فراڈ ہوتے ہیں۔