ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرنیکا گلہ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ایک اور تنازع

Published On 19 June,2023 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ایک اور تنازع کھڑا ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے ساتھ اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کرنے کا گلہ کر دیا۔

انچارج پی پی پی سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد سید سبط الحیدر بخاری نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ احسن اقبال کو خط لکھ دیا، جس میں پیپلز پارٹی اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی کو نظر انداز کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

سید سبط الحیدر بخاری نے لکھا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کیا جا رہا ہے، مقامی ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ جامع طرز حکمرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی حامی رہی ہے، پارٹی کے نمائندے اسلام آباد کے مکینوں کے تحفظات دور کرنے اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔

سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ بطور وزیر برائے منصوبہ بندی اس معاملے کی نگرانی کریں، یقینی بنائیں کہ مقامی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں میں پیپلزپارٹی کو شامل کیا جائے اور مشاورت کی جائے۔

انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ یقین ہے کہ آپ ہمارے خدشات پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور مناسب اقدامات کریں گے۔