ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، اس پر تبصرہ نہیں کروں گا، پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ محترمہ شہید کے ساتھ 22 سال کام کیا، میرے بعد میرے بچے بھی پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اداروں کی مضبوطی بینظیر کا مشن تھا، بلاول بھٹو
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھٹو نےآئین پاکستان کی بنیاد رکھی، شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی ٹیکنالوجی دی، بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی، میاں نواز شریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سنایا جائے، محترمہ صاحبہ کے کیس کا بھی فیصلہ سنایا جائے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام سٹیک ہولڈرز ملکی معیشت کا حل نکالیں، ملٹری یا ریاستی املاک پر حملہ کو پاکستان پر حملہ سمجھتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیائے اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیرکا 70 واں یوم پیدائش
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوام منشور کو ووٹ دیتی ہے، جلد اپنا منشور پیش کریں گے، پیپلز پارٹی کے منشور کے لئے کمیٹی بن چکی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کو توڑنا پی ٹی آئی کی غلطی تھی، پی ٹی آئی کو گفت و شنید کرنی چاہئے تھی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف کے معاہدے سے منحرف ہوئی جس سے مہنگائی ہوئی، ہم نے غیر مقبول فیصلہ کیا اور حکومت سنبھالی، ملک کو درست سمت پر لے کر جا رہے ہیں۔