بی آئی ایس پی رقم کی ادائیگی میں کوتاہی پر بینک کیخلاف کارروائی کریں گے: فیصل کریم

Published On 20 June,2023 08:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیمنٹ سنٹرز پر سسٹم کے مسائل پر نجی بینک کیخلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نجی بینک کی نااہلی ہے کہ لنک کیوں ڈاؤن ہیں اور غریب پیمنٹ کیلئے مارے پھر رہے ہیں، نجی بینک کے اعلیٰ حکام سے بات کی ہے، سیکریٹری بی آئی ایس پی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں، کیوں دو دنوں سے خواتین کو ادائیگی نہیں ہوئی، اس کوتاہی میں جو بنک ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے کہا ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی خواتین کے ساتھ کوئی نامناسب رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، چار سدہ میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر تشدد کے مرتکب اہلکاروں کو فوری معطل کر دیا گیا ہے، آئی جی خیبرپختونخوا نے مسئلہ پر پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔