حیدرآباد: (دنیا نیوز) امتحانات میں موبائل فون سے نقل کرنے والے سیکڑوں طلبہ پکڑے گئے۔
تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیراہتمام 9 اضلاع میں گیارہویں جماعت کے امتحانات مکمل ہو گئے، امتحانات کے دوران نقل کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
امتحانات کے دوران نقل روکنے کے لیے بنائی جانے والی 28 ٹیموں نے 7 روز میں 9 اضلاع کے 187 امتحانی مراکز کے دورے کیے، جہاں نقل کرنے اور امتحانی مراکز پر موبائل فون لانے والے 686 طلبا وطالبات کو پکڑا گیا۔
ویجی لینس ٹیموں نے نقل کرنے والے 686 طلبہ سے نقل کا مواد اور 20 جعلی امیدواروں کو پکڑ لیا، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مسرور زئی نے کہا کہ پکڑے جانے والے طلبا و طالبات کے خلاف کاپی کیس کریں گے۔
کنٹرولر امتحانات کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران کاپی کیس میں پکڑے جانے والے طلبہ کو جلد تعلیمی بورڈ میں طلب کیا جائے گا۔