اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ن لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مفتاح اسماعیل نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط میں سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کے علاوہ تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب میں انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا، نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا، میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی کے لیے اور تمام لیڈروں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔