راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے 2 شہری شہید جبکہ 1 کو شدید زخمی کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے آج 11 بجکر 55 منٹ پر لائن آف کنٹرول کے سیکٹر ستوال میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے چرواہوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، شہید ہونے والوں میں عبید قیوم اور محمد قاسم شامل ہیں، دونوں کا تعلق ضلع پونچھ کے گاؤں بارہ دری سے ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے ساتھ معمول کا غیر انسانی رویہ اپنایا گیا، بھارت منصوبے کے تحت جھوٹے، من گھڑت بیانیے کی تسکین کیلئے معصوم جانوں کے درپے ہے، پاکستان، بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر شدید سراپا احتجاج ہے، لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کو ملحوظ رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنی مرضی کے انتخاب کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کی یاد دہانی کرائی گئی ہے، کشمیریوں کی زمینوں پر کاشتکاری کا ناقابل تنسیخ حق بھی کشمیریوں کا ہے۔