کھیل میری اولین ترجیح، کراچی کے ٹیلنٹ کو موقع دینے کی ضرورت ہے: گورنر سندھ

Published On 25 June,2023 07:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام سے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کراچی میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں یہ پروگرام اہم ہے، ایچ ای سی تعلیم کے ساتھ سپورٹس میں بھی کام کر رہی ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے لیکن کئی سالوں سے ہاکی بہت پیچھے چلی گئی ہے، کراچی میں ٹیلنٹ ہے اسے موقع دینے کی ضرورت ہے، گورنر کے منصب پر جب سے بیٹھا ہوں کھیل میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جب تک میدان آباد نہیں ہوں گے ہم ہر شعبے میں دور چلے جائیں گے، کراچی گیمز کا انعقاد ہر سال کرانے کی کوشش کروں گا، ہاکی لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو گورنر ہاؤس میں عشائیہ دوں گا، کھلاڑیوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں محنت کرتے رہیں۔