کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کے اعلان تک ووٹر فہرستوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان تک انتخابی فہرستوں میں اندراج و اخراج کا کام جاری رہنا چاہئے، ساتویں مردم شماری کے بعد 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کا انتخابی فہرست میں اندراج یقینی بنانا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں اندراج سے قبل فہرستوں کا منجمد ہونا حق رائے دہی سے محروم کرنے کے مترادف ہو گا، انتخابی فہرستوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔