میئر کراچی انتخابات ، جماعت اسلامی کراچی کا چیف الیکشن کمشنرکوخط

Published On 15 June,2023 02:50 pm

کراچی : (دنیانیوز) میئرکراچی بننے میں ناکام امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مؤقف اپنایا گیا ہے  کہ سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 29 ارکان کو اغوا کیا، پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد صاف و شفاف الیکشن کرانا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا ، الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے فراڈ الیکشن کو کالعدم قرار دے کر نیا شیڈول جاری کرے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر الیکشن کمیشن کو سندھ حکومت کے غیر آئینی اورغیر جمہوری عمل سے آگاہ کیا، حاضری مکمل کی جاتی پھر میئر کے انتخاب کا عمل شروع کیا جاتا، بے رحمی سے مینڈیٹ کا قتل کیا گیا ہے، اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا گیا ، یہ حقیقی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکا اور جبری قبضہ ہے، جس کے نتائج شہر اور ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے۔