کراچی : میئر اور ڈپٹی میئرکا انتخاب ، وزارت داخلہ کا رینجرز کی فراہمی سے انکار

Published On 14 June,2023 02:28 pm

کراچی : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی میں میئراور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا معاملہ، وزارت داخلہ نے رینجرز کی فراہمی سے انکار کر دیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کےمیئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا تاہم وزارت داخلہ نے رینجرز کی فراہمی سے انکار کردیاہے  جس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط لکھ دیا ۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی ماحول بہت کشیدہ ہے اور بڑے پیمانے پرتشدد کا خدشہ ہے ، امن و امان کی صورت حال دیکھتے ہوئے فول پروف سکیورٹی کی فراہمی اہم ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ کراچی میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست کا الیکشن انتہائی حساس ہے، الیکشن اہم ہے جس میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

جوابی خط میں کہا گیا کہ الیکشن کے دوران تشدد کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، میئر وڈپٹی میئر الیکشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار وزارت داخلہ ہوگی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مئیر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، اعلان کردہ شیڈول کے تحت میئر کراچی کا انتخاب 15 جون کو ہو گا۔