عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کیلئے فہرستیں تیار

Published On 19 June,2023 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں عام انتخابات کی تیاریوں بارے اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں عام انتخابات سےمتعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنرز نے عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کی فہرستیں تیار ہیں، عام انتخابات میں ریٹرننگ افسران بیوروکریسی سے ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے تمام ونگز نے بتایا کہ وہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تیار ہیں، الیکشن کے لیے تمام ضروری سامان بھی موجود ہے، الیکشن کمیشن نے پرنٹنگ پریس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق عام انتخابات میں 26 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کے لیے 1 ہزار 852 ٹن کاغذ خریدا جا چکا ہے، 923 ٹن لائٹ گرین پیپر، 829 ٹن آف وائٹ پیپر بیلٹ پیپرز کے لیے موجود ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کو بیلٹ پیپرز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، کراچی پرنٹنگ کارپویشن 9 کروڑ، اسلام آباد پریس 7 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گی، پاکستان پوسٹ فاؤنڈیشن 10 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گی۔