انتخابات کی تیاریاں: الیکشن کمیشن کی ووٹوں کا اندراج و درستگی 13 جولائی تک کرانے کی ہدایت

Published On 17 June,2023 07:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ووٹوں کا اندراج، منتقلی، درستگی اور اخراج 13 جولائی تک کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ2017 کے سیکشن 39(1) کے تحت ووٹوں کے اندراج، منتقلی، درستگی اور اخراج کیلئے تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ تمام سیاسی و سماجی جماعتیں، عوام اپنے اور اپنے خاندان کے ووٹ کے اندراج، منتقلی، درستگی اور اخراج کو 8300 پر میسج بھیج کر چیک کریں۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا ووٹوں کی درستگی کیلئے ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر سے فارم 21، 22 اور 23 پُر کر کے مقرر کردہ تاریخ 13 جولائی سے پہلے جمع کروائے جائیں، اپنے قیمتی ووٹ کا صحیح جگہ استعمال کریں۔