کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بہت سے خاندان ہیں جو اس بار قربانی نہیں کر رہے، جانور اتنے مہنگے ہیں غریب کیسے قربانی کرینگے؟۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ پہلے دعوے کیے جاتے تھے اب راشن تقسیم ہو رہا ہے، 20 ہزار راشن بیگ اس وقت گورنر ہاؤس میں موجود ہیں، یہ راشن بیگ مستحق افراد کو دیئے جائیں گے، یہاں پر میں بزنس کیمونٹی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے طاقتور پاکستان پروگرام میں یہ راشن فراہم کیا، آج بیس ہزار خاندانوں کیلئے یہ بیگ پہنچ گئے ہیں اس شہر اور صوبے میں رہنے والوں سے مخاطب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا گورنر سندھ یہ کام کر رہا ہے، میرے اس پروگرام کے شہر میں لگائے گئے بینرز رات گئے پھاڑ دیئے گئے، یہ بینرز اس لئے لگائے تھے کہ عوام کیلئے یہ کام ہو رہا ہے، نہ جانے اس کام سے کس کو یہ پریشانی ہو رہی ہے، مجھے کچھ لوگ سوشل میڈیا پر گالیاں دے رہے ہیں کہ میں کسی کمپنی کا آٹا بیچ رہا ہوں، میں کسی کی گالی سے نہیں ڈروں گا، میں یہ خدمت کا کام کرتا رہوں گا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ آپ نے لوگوں کیلئے کرنا نہیں ہے اس عوامی خدمت میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں، پورے پاکستان میں اس طرح راشن بٹتے آپ لوگوں نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا، بینرز اتارنے اور پھاڑنے کے خلاف سکیورٹی اداروں کو خط لکھوں گا، شاہراہ فیصل کو کنٹرول کرنے والے اداروں سے بات کروں گا، میں 17 گھنٹے گورنر ہاؤس میں کام کررہا ہوں۔