راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 12 اگست ریڈ لائن ہے، کسی کو نہیں معلوم اس کے بعد کیا ہوگا، اداروں اورعوام کو آمنےسامنے لانے کی سازش میں 13 جماعتوں کےماضی کے بیانات کو سامنے رکھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ چلو، چلو دبئی چلو کی چارٹرڈ فلائٹ چل رہی ہیں، دبئی میں ہی نگران حکومت، الیکشن کی تاریخ، نوازشریف کے آنے نہ آنے اور الیکشن کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ ہوگا، یہ پاکستان کے آئین و قانون نہ ہی عدلیہ اور بینچ کو مانتے ہیں، یہ عوامی بینچ سے ڈرتے ہیں، ساری آئینی ترامیم غیرآئینی ہیں کیونکہ اس کیلئے 2 تہائی اکثریت چاہیے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 27, 2023
انہوں نے کہا کہ جو پیدائشی نااہل ہوں ان کی نااہلی تاحیات کے بجائے 5 سال ہونے سے فرق نہیں پڑتا، سیاسی فیصلے لندن اوردبئی میں کرتے ہیں کیونکہ ان کی دولت، جائیدادیں، اولادیں دبئی اورلندن میں ہیں، وہاں اپنےآپ کومحفوظ سمجھتےہیں، پاکستان میں سیاسی فیصلے کرتے ہوئے ریکارڈنگ کے خوف سے اوراداروں کی نظریں رکھنے سے ڈرتے ہیں۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 27, 2023
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ 14 ماہ میں خود بھی ذلیل ہوئے اور عوام میں بھی رسوا ہوئے، حکومت نے آئی ایم ایف کے ایک ارب ڈالر کیلئے 26 کروڑ لوگوں کی زندگیوں کو معاشی جہنم میں پھینک دیا ہے، سارے بجٹ کی مہنگائی کا ملبہ غریب کے کندھوں پر ڈال دیا ہے، حالات اتنے گھمبیر، سنگین اور خراب ہو چکے ہیں کہ اب نواز شریف پاکستان آکر اپنا شوق پورا کر لیں۔