سکھر: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آگے بڑھے گی اور 2023 میں الیکشن جیت کر آپ لوگوں کے مسائل حل کرے گی۔
روہڑی بائی پاس پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میں اپنے کارکنان سے کہتا ہوں کے آپ لوگ روح ہو اور میں آپ کا جسم، ہماری سیاست جھوٹ پر نہیں بلکہ شہادت پر ہے، جمہوریت کیلئے ہے، کچھ لوگ جھوٹے نعرے اور سازش کے تحت اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر آئے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہی ہے یہ پاکستان کے کام نہیں کر سکتے، آپ نے دیکھا حال ہی میں جو فوج ہمارے دشمنوں سے سرحدوں پر لڑائی لڑتی ہے ایک سیاسی پارٹی نے ان دشمنوں کو اتنا فائدہ پہنچایا کہ جو 71 میں بھی نہیں ملا، ان لوگوں نے اپنے ہی عسکری اداروں پر حملہ کیا جو آج تک بھارت کی فوج بھی نہیں کر سکی۔
خورشید شاہ نے مزید کہا ہے کہ شہیدوں کے خلاف نعرے لگائے، ان کی بے حرمتی کی، یہ آج تک دشمن ملک بھی نہیں کر سکا، بھارت کی فوج نے کپپٹن شیر خان کی میت کو باعزت طریقے سے پاکستان کو دیا مگر ان نالائق اور نااہل لوگوں کی سوچ اتنی گھٹیا تھی کے انہوں نے شہیدوں کو بھی نہ بخشا۔