لاہور: (دنیا نیوز) نجی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور فیکلٹی ممبران کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی دکھائی۔
طلبا اور فیکلٹی ممبران نے جناح ہاؤس میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملوث شرپسندوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
وفد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی رنجیدہ کر دینے والا واقعہ تھا، آج تک 9 مئی جیسے واقعات ملک میں ہوتے نہیں دیکھے، یہ شرپسند کسی طور پر معافی کے حقدار نہیں ہیں۔
وفد نے سوال کیا کہ یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی گھر کو آگ لگا گئے؟ پاکستان کا پرچم جلایا، قائد اعظم کی تصاویر نذر آتش کرنے کیساتھ ساتھ مسجد کو بھی نہ چھوڑا۔
وفد نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ شہدا کی بے حرمتی اور انکی یادگاروں کو مسمار کرنے والے کبھی بھی محبِ وطن نہیں ہو سکتے، یہ شرپسند ہمارے ملک کے دشمن ہیں۔
طلبا نے پرزور مطالبہ کیا کہ جو بھی شرپسند، انکے سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ جناح ہاؤس کو جلانے، شہدا کی یادگاروں کو توڑنے اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں انکو سخت سے سخت سزا دیکر نشان عبرت بنایا جائے۔