ملک سے غربت اور عدم برداشت ختم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا: آصف زرداری

Published On 28 June,2023 07:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم سب کو ملک سے غربت، جہالت اور عدم برداشت کے رویوں کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

اپنے عید پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عید کا دن ہمیں قربانی، صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں غریب اور معاشی طور پر کمزور بھائیوں کو بھی شریک کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق صدر آصف زرداری دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے، نوابشاہ میں عید منائیں گے

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ عید کے موقع پر بھارتی جبر کے شکار کشمیری بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو یاد رکھا جائے، اس موقع پر وطن کے ان بہادر بیٹوں کی سلامتی کیلئے دعائیں کی جائیں جو دن رات دھرتی کی حفاظت کرتے ہیں، عید کے موقع پر ان شہیدوں کو بھی یاد رکھا جائے جنہوں نے وطن اور قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں۔