کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بغض کی عینک پہنے افراد کو کہتا ہوں شرارتیں چھوڑ دیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عید کے باعث سالڈ ویسٹ کے عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں، شہر کے 25 ٹاؤنز میں 110 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں، آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے تین لینڈ فل سائٹس تیار کی ہیں، پانچ روز کے دوران ایک لاکھ 10 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے عید کے دنوں میں کچرا اٹھانے کے انتظامات سے مزید آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عید کے دن کو اپنا چیلنج سمجھا ہے، تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، ہم کل سے کراچی کی سڑکوں پر موجود ہیں، شہریوں سے گزارش ہے کہ نالے بند نہ کئے جائیں، اس شہر پر ترس کھائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حافظ صاحب اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کی عزت کرتا ہوں، ہم نے جماعت اسلامی کو مدعو کیا وہ آئے ، یہ اچھی روایت ہے، اپنے آپ کو عوامی کہنے سے کوئی عوامی نہیں ہوتا، میں خاموشی سے کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں، کچھ لوگوں کو سیاست میں آئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید محبتیں بانٹنے کا دن ہے، کون عوامی ہے اور کون نہیں فیصلہ عوام کریں گے، حافظ نعیم اپوزیشن لیڈر ہیں جو حکومت سے کبھی مطمئن نہیں ہوسکتا، اچھی روایت کے فروغ کی ضرورت ہے تاکہ الزام تراشی سے نکل سکیں۔
انہوں نے شہر میں پانی کے مسئلے سے متعلق کہا کہ کراچی میں پانی کی ضرورت کا 50 فیصد سپلائی ہوتا ہے، کراچی میں پانی کی تقسیم وفاق کرتا ہے۔