سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ایک جماعت نے وہ کیا جو ہمارا دشمن 75 سال میں نہیں کرسکا، حکومت کی مدت پوری ہوتے ہی نگراں سیٹ آئے گا۔
سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جن شہداء کی بہادری کو دشمن نے تسلیم کیا اور تعریف کی، ان لوگوں نے ان شہدا کے ساتھ جو کیا قابل مذمت ہے، تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ابھی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہوتے ہی نگراں سیٹ آئے گا، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، پی ڈی ایم یا کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا فیصلہ پارٹی قیادت کرتی ہے ابھی ایسا کچھ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دبئی میں کوئی میثاق جمہوریت سائن نہیں ہو رہا ، سیاست دانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، میں کافی ٹائم بعد اسلام آباد سے سکھر آیا عوام نے میرا استقبال کیا یہ ان کی محبت ہے، اس حوالے سے منفی سوچ نہیں ہونی چاہئے میں نے تو استقبال کی دعوت نہیں دی عوام کی محبت ہے۔