نفرتیں پھیلانے والا اپنے گھر میں آرام سے عید منا رہا ہے:شرجیل میمن

Published On 29 June,2023 10:47 am

ٹنڈوجام: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نفرتیں پھیلانے والا شخص اپنے گھر والوں کے ساتھ آرام سے عید منا رہا ہے، اس کے پیروکار جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں، عید پر نفرتیں ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹنڈوجام میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ لوگوں پر حملوں میں مصروف افراد قید میں پڑے ہیں، سیاسی یتیم جنہیں زبردستی اقتدار کی کرسی پر بٹھایا گیا ان کا آغاز ہی نفرت سے تھا، اقتدار سنبھالتے ہی کہنا شروع کر دیا کہ فلانا چور ہے فلانا بے ایمان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بدتمیزی اور نفرت کا طوفان پیدا کیا گیا جو آج تک قائم و دائم ہے، نفرت کے بیج اداروں اور ان کے سربراہوں کے خلاف بوئے گئے، اس ملک کو نقصان پہنچانا چیئرمین پی ٹی آئی کی سازش ہے، سابق دور میں لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جلاؤگھیراؤ میں ملوث افراد کیلئےکوئی رعایت نہیں ہے، جس رفتار سے پی ٹی آئی میں لوگ آئے تھے اس سے تیزی سے چھوڑ رہے ہیں، اداروں نے صبر اور تحمل سے نفرت انگیز مہم کا مقابلہ کیا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مضبوط مؤقف اپنایا۔