سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور ٹانک میں کامیاب کارروائیاں، 6 دہشتگرد ہلاک

Published On 30 June,2023 11:04 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور ٹانک میں 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹانک کے علاقے منزئی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کا دوسرا واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے زرمک میں پیش آیا جہاں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، مارے گئے دہشت گرد فورسز کیخلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔