راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ اور وادی تیرہ میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، اس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تین دہشتگرد مارے گئے، جن میں ایک کمانڈر شفیع بھی شامل ہے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے، تینوں دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب وادی تیرہ میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کر دیا، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرج آپریشن جاری ہے۔