گلگت بلتستان: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کا نیا وزیراعلیٰ کون ہو گا؟ 33 کے ایوان میں 17 کی حمایت حاصل کرنے کے لیے نمبر گیم شروع ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے ناراض رکن حاجی گلبر خان نے 3 ناراض ارکان کو ساتھ ملانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ریاستی مشینری کے بدترین استعمال سے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا ہدف ہے، منتخب اراکین کی گرفتاریوں اور ہارس ٹریڈنگ سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سازشی عناصر کم از کم سات روز تک اسمبلی اجلاس رکوانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کا حکومتی اتحاد 23 ارکان پر مشتمل ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے 4، ن لیگ کے 3، جے یو آئی ف اور ایک آزاد رکن سمیت کل 9 ارکان اپوزیشن کا حصہ ہیں۔
پی ٹی آئی کے حاجی گلبر خان اگر تین ساتھیوں سمیت اپوزیشن کے ساتھ مل بھی جائیں تب بھی اپوزیشن کو 17 کا نمبر پورا کرنے کے لیے 4 نئے ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے راجا اعظم، پیپلز پارٹی نے امجد خان اور ن لیگ نے محمد انور کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔