اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ان کے گھر پر ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں اہم سیاسی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، خرم پرویز راجہ اور شاہ رخ راجہ بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے راجہ پرویز اشرف سے گزشتہ دنوں پیش آنے والے حادثے سے متعلق خیریت دریافت کی اور ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے پر سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، سابق حکومت نے ملک کو بحرانوں سے دو چار کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔