وزیر آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ وزیر آباد آمد کے دوران تھانہ علی پور چٹھہ کے مقدمہ میں فرسٹ مجسٹریٹ کلاس محمد آصف کی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں مقدمے کا چالان پیش کر کے عطا اللہ تارڑ کو 15 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا گیا، عطاء تارڑ کیخلاف آزاد کشمیر الیکشن کے موقع پر تھانہ میں اہلکاروں سے ہاتھا پائی سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اسٹے آرڈر اور بہانوں کے پیچھے چھپنے والے نہیں، عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، بے بنیاد کیس بنایا گیا جلد یہ ختم ہو جائے گا، یہ باتیں بڑی بڑی کرتے ہیں جب عملاً معاملہ آتا ہے تو یہ چھپتے اور بھاگتے ہیں، جس طرح فواد چودھری کو آپ نے عدالت میں بھاگتے دیکھا، تھوڑی سی سختی آنے پر ان کی چیخیں نکل آئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا جنہوں نے بے گناہ کارکنان کو جیلوں میں ڈالا تھا آج وہ خود در بدر ہو رہے ہیں، روسی تیل کا ملنا بڑی غنیمت ہے تاہم وہ ریفائنری کے پراسس سے ہو کر دستیاب ہو گا، 12 اگست وفاقی حکومت کا آخری دن ہے اس کے بعد الیکشن کا بگل بجے گا، جلد میاں نواز شریف واپس آ کر الیکشن مہم کو لیڈ کریں گے، جب میاں نواز شریف واپس آئیں گے تو وہ ٹکٹوں سمیت دیگر معاملات کو بھی فائنل کریں گے۔