اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سویڈن واقعے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، مغرب میں آئے روز ہمارے جذبات کو مجروح کیا جاتا ہے یہ کونسی اظہار رائے کی آزادی ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام تحمل، برداشت کا درس دیتا ہے، تمام تہذیبوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، پونے دو ارب مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی گئی، مسلمان ممالک اتنے کمزور کیوں ہیں جسکا دل چاہے ایسا کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا میں وہی قوم بالادست ہوتی ہے جس کے پاس علم اور فکر کی قیادت ہو، دنیا میں علم و ایجادات کے میدان میں مسلمان بہت پیچھے رہ گئے ہیں، مسلمانوں کو سوچنا ہو گا کہ آج ہم اس مقام پر کیوں کھڑے ہیں؟، اصل وجہ ہم نے قرآن کریم کی روح کو بھلا دیا ہے۔
انہوں نے کہا قرآن کریم کے روڈ میپ پر ہم عمل نہیں کرتے، ہم ساری زندگی قرآن مجید کو پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے ہیں، مسلمان تاریخ میں اس لئے آگے تھے کہ علم کے حصول کے مشن پر تھے، دنیا میں مسلمان علم و ایجادات میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، مسلمان ممالک کو اپنی اصلاح کرنا ہوگی۔