صوابی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ امور عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کی بنیادیں شہدا کے خون سے مضبوط ہوئی ہیں، ملک کی بقا اور ترقی شہدا کے خون کی مرہون منت ہے۔
عطا اللہ تارڑ کیپٹن شہید کرنل شیر خان کے مزار پر حاضری کے لیے ضلع صوابی پہنچے، انہوں نے کیپٹن شہید کرنل شیر خان کے 24 ویں یوم شہادت کے موقع پر مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایپکس کمیٹی کا اجلاس: وزیر اعظم نے معیشت کیلئے کردار پر آرمی چیف کی تعریف کی
اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں یہاں شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے حاضر ہوا ہوں، ایسے بہادر سپوت قوموں کی زندگیوں میں بڑی خوش بختی سے آتے ہیں، خوش بخت مائیں کرنل شیر خان شہید جیسے بچے جنتی ہیں ، دشمن فوج کے افسر بھی شہید کیپٹن کرنل شیر خان کی بہادری کے معترف تھے۔
انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان جیسے بہادر سپوت قوموں کی زندگیوں میں کم کم پیدا ہوتے ہیں، جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہمارے بہادر سپوت لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، پولیس، ایف سی، رینجرز اور سویلین اداروں نے عظیم قربانیوں کی داستانیں رقم کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ہمارے لئے باعث شرم اور سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھے جائیں گے، 9 مئی کو شر پسند عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے کرنل شیر خان کے مجسمے کو توڑا، مٹھی بھر عناصر نے 9 مئی کو دشمن کے ایجنڈے پر عمل کیا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ملکی سالمیت ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں، میری ان کے خاندان کے ساتھ روحانی نسبت بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف پر الزامات، سید تسنیم حیدر کو لندن پولیس نے طلب کر لیا
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میرے مرحوم دادا سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے والد کو نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا تھا، مذہب رنگ و نسل اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر شہدا کی تکریم ہر پاکستانی پر فرض ہے۔