پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہمارا حق ہے، مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے آف دی ریکارڈ گفتگو کو توڑ موڑ کر چلایا جا رہا ہے۔
اپنے موقف میں ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات سے صرف جے یو آئی ہی نہیں پوری پی ڈی ایم بے خبر ہے، جے یو آئی کے نزدیک اسمبلیوں کی مدت بڑھانے اور الیکشن کے التوا سے سیاسی نقصان ہو گا، عام انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کل واضح موقف دیا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن کے بارے میں اتحادی حکومت کا موقف مشترکہ تھا، جے یو آئی گزشتہ حکومت کے خاتمے کے بعد فوری الیکشن کی حامی تھی، ہمارا موقف سٹریٹ پاور سے حکومت گرانا اورالیکشن کرانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کو منائیں، نواز شریف نے شہباز شریف کو ٹاسک سونپ دیا
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا راستہ ہمارا نہیں آصف علی زرداری کا تھا، وقت بتائے گا کہ عدم اعتماد کے موقف کے پیچھے کون کون سی طاقتیں تھیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ وزیراعظم کا اسمبلیوں کی مدت کے خاتمے کا بیان باہمی مشاورت سے تھا، اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق وزیراعظم کے موقف کی مولانا فضل الرحمان نے کل تائید کی ہے۔