9 مئی واقعات ناقابل معافی جرم، پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں: سول سوسائٹی

Published On 13 July,2023 09:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی و سماجی شخصیات سمیت سول سوسائٹی اور صحافیوں کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا، وفد نے 9 مئی کے واقعات کو ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔

وفد کے شرکاء کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا تو دیکھ کر انتہائی دُکھ ہوا کہ شرپسندوں نے اپنے ہی قائد کے گھر کو کس قدر بری طرح جلایا، پاک افواج اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا کسی بھی لحاظ سے قابلِ معافی جرم نہیں ہے۔

شرکاء نے کہا کہ ہم اپنی پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تاحیات کھڑے رہیں گے، شرپسندوں نے قائد کے گھر لہراتے قومی پرچم اور مسجد کے تقدس کو بھی پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

وفد کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ قائد کے گھر تباہی پھیلانے والوں کے خلاف حکومتِ پاکستان اور عدالتوں کو جلد از جلد کارروائی کر کے سخت سزا دینی چاہیے۔