اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت سے فلپائن، ایران اور روانڈا کے پاکستان میں نامزد سفیروں نے ملاقات کی اور سفارتی اسناد پیش کیں۔
صدر مملکت سے فلپائن کی نامزد سفیر ماریا سروینٹس نے ملاقات کی جس میں صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان فلپائن کے ساتھ تعاون کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، صدر مملکت نے دو طرفہ تجاری و معاشی تعلقات اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت سے پاکستان کیلئے نامزد ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں صدر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم ادارہ جاتی نظام اور نجی شعبے کے تعاون سے اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہوگا، ایران کے ساتھ موجودہ ادارہ جاتی نظام مضبوط بنانے اور بارڈر مارکیٹس فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں روانڈا کے نامزد ہائی کمشنر جیمز کیمونیو نے بھی صدر پاکستان سے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے روانڈا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری برادریوں کو دورے کرنے کی ضرورت ہے، روانڈا کے تاجر مختلف مصنوعات کی درآمد کیلئے پاکستانی مارکیٹ کا جائزہ لیں۔
مزید برآں صدر مملکت نے پاکستان کیلئے نامزد سفیروں کو تقرری پر مبارک پیش کی اور کہا کہ امید ہے نامزد سفراء دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔