پشاور: (دنیا نیوز) بس ریپڈ ٹرانزٹ کو چلانے والی نجی کمپنی نے ایک بار پھر بی آر ٹی بسیں روکنے کی دھمکی دے دی۔
نجی کمپنی کے مطابق حکومت کی جانب سے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی صورت میں بی آر ٹی آپریشنز معطل کیا جاسکتا ہے۔
بی آر ٹی کے بقایا جات کے معاملے پر نجی کمپنی نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مئی اور جون کے 60 کروڑ 30 لاکھ روپے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے، بقایا جات کی عدم ادائیگی سے بس سروس کو برقرار رکھنا متاثر ہوسکتا ہے۔
خط میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر بقایاجات کی ادائیگی کی جائے، ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں بی آر ٹی آپریشنز معطل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بی آر ٹی مالی بحران کا شکار ہوچکی ہے اور نجی کمپنی کی جانب سے بس سروس بند کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔