دہشت گرد کارروائیوں کا جواب دیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

Published On 14 July,2023 06:14 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کی کارروائیوں کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، کوئٹہ گیریژن آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف کو ژوب واقعہ پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے ژوب واقعہ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر پاکستان کی مسلح افواج کو شدید تحفظات ہیں، کالعدم تحریک طالبان کو افغانستان میں کھلی آزادی ہے، پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ افغان عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین کسی اور ملک کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں، سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردی کارروائیوں کا موثر جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا، مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔