لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لئے کوئی حلوہ نہیں چیلنج ہے، اگلے الیکشن میں عوام نے نوازشریف کو دوبارہ اقتدار کا موقع دیا تو ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔
گورنر ہاؤس میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لئے کافی چیلنجنگ ہے، آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوتا، معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں استحکام آ رہا ہے، پٹرول کی قیمت میں 9 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کی قیادت میں عملی طور پر کام کر کے دکھایا، جو لوگ ملک کیخلاف سازش کر رہے تھے وہ تمام سازشیں دفن ہوئیں، نوازشریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کے بجائے لیپ ٹاپ دیا، یہ لوگ کہتے تھے یہ لیپ ٹاپ نہیں دے رہا یہ رشوت دے رہا ہے۔
یہ پڑھیں:بجلی مہنگی کرنا آئی ایم ایف کی شرط اور ہماری ضرورت تھی: وزیر اعظم
انہوں نے کہا یہ وہی لیپ ٹاپ ہے جس نے کورونا میں بچوں کو تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا، جو لیپ ٹاپ کو رشوت کہتا ہے آپ اس کی دماغی حالت کا اندازہ لگالیں، ہمارے تمام منصوبے خود منہ بولتا ثبوت ہیں، نوازشریف کو کیوں اقتدار سے محروم کیا گیا؟ مجھے قوم کی خدمت کرنے کی وجہ سے پابند سلاسل کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک سے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھایا، نوازشریف نے آج تک ملک کیخلاف سازش کا سوچا بھی نہیں، نوازشریف نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم ہوں تو سب ٹھیک میں وزیر اعظم نہیں تو سب کچھ برباد ہے کی سوچ غلط ہے، گزشتہ 4 سالہ دور میں جو تباہی بربادی ہوئی اس کو سامنے رکھیں، عمران خان نے 4 سال میں ایک اینٹ نہیں لگائی صرف اینٹ سے اینٹ ہی بجائی، پی ٹی آئی دور میں تجوریاں بھری گئیں، چینی اور گندم کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا، بی آر ٹی اور 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن کا کھربوں کا کاروبار ہے ان کو پی ٹی آئی حکومت میں 3 ارب ڈالر کے قرضے دیئے گئے، ان تمام حقائق کو کوئی شخص جھوٹ ثابت نہیں کرسکتا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، چیئرمین پی ٹی آئی اور ہٹلر میں کیا فرق ہے، ہٹلر نے اپنے دور میں انڈسٹری کو ترقی دی اور پھر خود ہی تباہ کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بےبنیاد مقدمات میں سزا دی گئی، ہم نے لاہور کی میٹرو بس سروس 30 ارب روپے میں بنائی، پھر الزام لگایا کہ اتفاق فاؤنڈری سے سریہ آیا، وہ تو 15 سال سے بند تھی، نوازشریف کو پانامہ میں پکڑ کر اقامہ پر نااہل کیا گیا، ہم نے ملک کی خاطر تکالیف برداشت کیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ترقی کیلئے ایثار اور محنت کا عزم کرنا ہوگا، اگلے الیکشن میں عوام نے منتخب کیا تو ملک کو آگے لیکر جائیں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کا نقشہ بدل دیں گے، پوری قوم سے وعدہ کرتا ہوں ہم نے وطن کو عظیم بنانا ہے۔
قبل ازیں تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں میں چیک تقسیم کئے۔