کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا کہ مجھے چیئرمین پی ٹی آئی کی سمجھ نہیں آئی پہلے کہتا تھا امریکا نے نکالا پھر افواج کا کہا، ان کو تاریخ میں پہلی بار آئین اور قانون کے تحت ہٹایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ لوگ تھے ہی نہیں، ادھر ادھر سے لوگ لے آئے تھے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ 2018 میں جس جذبے کے ساتھ ہمیں آپ نے منتخب کیا، واضح اکثریت کے باوجود نتائج نہیں دیئے جا رہے تھے، میں اگر قومی اسمبلی کیلئے منتخب ہوا تو صوبائی اسمبلی کے رکن بھی تو تھے جن کی وفاق میں حکومت تھی، ماضی کی حکومت میں کوئی ایک کام بتا دیں جو کیماڑی میں ہوا ہو، آپ تو آئے ہی پاکستان کی تباہی کیلئے تھے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قادر پٹیل نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل چیخ رہا ہے کہ پاکستان میں زیادتی ہو رہی ہے، اس کا مطلب حکیم سعید نے صحیح لکھا تھا، احتجاج ہم نے اور آپ نے بھی کیے ہیں ہم نے تو 9 مئی کی طرح واقعات نہیں کیے، حساس اداروں اور گھروں پر گئے، نقصان پہنچایا، دشمن ملک مذاق اڑا رہا تھا، جناح ہاؤس کو تباہ کیا گیا، کرنل شیر خان کے مجسمے کو نظر آتش کیا گیا۔