اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بجائے مدت پوری ہونے کی تجویز دے دی۔
انتخابات سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ میری رائے ہے کہ اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کی بجائے انکو مدت پوری کرنے دینی چاہئے، مدت پوری ہونے سے چند روز قبل اسمبلیاں تحلیل کرنے سے اچھا پیغام نہیں جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے 13 اگست 2018 کو حلف لیا تھا، اس حساب سے 5 سال جب پورے ہوں اسی دن انتخابات ہوں، ملک میں عام انتخابات 12 اکتوبر تک ہوجانے چاہئیں، 30 دن مزید حاصل کرنے کے لئے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت سیاسی جماعتوں کے علم میں ہے کہ حکومت کی مدت کب ختم ہو رہی ہے، آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر انتخابات کرانے کے لئے تیار ہوتا ہے، اسمبلیاں تحلیل کرنے سے چند روز زیادہ مل جائیں گے جس سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑتا اور پیغام بھی اچھا نہیں جائے گا۔