نگران حکومت پر نوازشریف اور آصف زرداری کا اتفاق ہو چکا: خورشید شاہ

Published On 08 July,2023 10:00 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت پر نوازشریف اور آصف زرداری کا اتفاق ہو چکا، عام انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور اتحادی آئین و قانون کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد ہونے میں یک سو ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ پر دستخط اور بجٹ اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ شفاف اور غیرجانبدارانہ عام انتخابات ہی بحران کا واحد حل ہے، مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی عام انتخابات تیر کے نشان پر لڑے گی اور حکومت بنائے گی: قمر زمان کائرہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مایوسیوں سے نکالا، کراچی اور سندھ سمیت پورے ملک میں مردم شماری شفاف اور قواعد کے مطابق کی گئی، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کے اعتراضات دور کر دیئے گئے ہیں۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ حافظ نعیم کے سر پر میئر شپ نہ ملنے کا صدمہ ہے، عجیب بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں۔