پیپلز پارٹی کی لڑائی غربت، مہنگائی اور دہشت گردی سے ہے: شرجیل انعام میمن

Published On 09 July,2023 05:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مخالف پارٹی کے پاس جائے ایسا بہت کم دیکھا ہے، آئی ایم ایف سے ڈیل کے دوران تحریک انصاف کے رہنما کی آڈیو آئی تھی کہ ڈیل نہ ہو، تحریک انصاف نے ناجائز حرکت کی، ملک کو نقصان پہنچانے والی بات تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کوئی ایسا محکمہ نہیں جس میں سندھ حکومت بہترین کام نہ کر رہی ہو، ہر سیکٹر میں سندھ حکومت محنت کر رہی ہے، صحت کے شعبے میں جو کام پیپلز پارٹی نے کیا ہے وہ دنیا میں چند ممالک میں ہوا ہے، پورے پاکستان میں فعال حکومت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت انویسٹمنٹ کانفرنس کرنے جا رہی تھی لیکن سیلاب کے باعث نہیں کر سکی، کون سے قدرتی وسائل یہاں موجود نہیں ہیں، حکومت کی ذمے داری ہے یہاں نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرے، نگران وزیر اعلیٰ کیلئے کسی نام پر بات چیت نہیں ہوئی، ابھی تک نہیں معلوم کئیر ٹیکر کون آ رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال چاہتے ہیں ان کا بیان ہیڈ لائن میں آئے تو اچھی باتیں کریں، ان چیزوں سے نکلنا پڑے گا، ایم کیو ایم سے مفاہمت ہے، ہمارا ایشو ہونا چاہیے ملک ترقی کرے، جی ڈی اے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے، پیپلز پارٹی کی لڑائی غربت، مہنگائی اور دہشت گردی سے ہے۔