چیئرمین پی ٹی آئی کے اسرائیل اور بھارت سے تانے بانے جڑے ہیں: شیری رحمان، عطا تارڑ

Published On 11 July,2023 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اسرائیل اور بھارت سے تانے بانے جڑے ہیں، فلسطینیوں کے قاتل چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے پیچھے کون سے عناصر تھے سب عیاں ہو چکا ہے، کن عناصر نے 9 مئی واقعات سے فائدہ اٹھایا سب سامنے آچکا۔

شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور اسرائیل اتحادی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نےدہشت گردوں کی کبھی مذمت نہیں کی، کہتے ہیں میری تذلیل ہوئی، تذلیل تب ہوئی تھی جب فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا تھا، 9 مئی کے واقعات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا حکومت کو 8 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مشورہ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک کے خلاف بیرون ملک لابیاں بنا رکھی ہیں، پی ٹی آئی کو اسرائیل کا جارحانہ رویہ اچھا لگتا ہے، لابنگ کر کے چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے آپ کو ایکسپوز کر دیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، اسرائیل کا 9 مئی واقعات پر اقوام متحدہ میں جانا حساس نوعیت کا معاملہ ہے، فارن فنڈنگ، 9 مئی واقعات کے تانے بانے اینٹی پاکستان سے ملتے ہیں، اسرائیلی شہریوں کی فنڈنگ کے جوابات آج مل گئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اب کوئی شک نہیں رہا چیئرمین پی ٹی آئی کس کے کہنے پر یہ سب کر رہا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز جناح ہاؤس کیا کرنے گئے تھے، پاکستان اور ریاست سے کوئی بڑا نہیں، تمام واقعات کے تانے بانے پاکستان مخالف قوتوں سے ملتے ہیں، اب تو بین الاقوامی ثبوت آچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدانوں کو چھپنے کے بجائے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے: شرجیل میمن

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پی ٹی آئی کی حمایت کی ہے، اسرائیل کی شکایت پر انسانی حقوق پر پاکستان صفائی دے عجیب سی بات ہے، 9 مئی کوملکی سالمیت کو نقصان پہنچایا گیا، جیل میں موجود خواتین قیدیوں نے کہا کوئی ظلم نہیں ہو رہا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا کراچی، لاہور میں کیس درج ہو چکا ہے، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سٹے آرڈر دیا ہوا ہے، ہم تو اس کیس کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں، انہوں نے امریکا میں مہم چلائی جس کا آج شاخسانہ دیکھ رہے ہیں۔