پی ٹی آئی حکومت کا گند صاف کر دیا، مستحکم پاکستان دے کر جا رہے ہیں: مریم اورنگزیب

Published On 17 July,2023 05:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے گند کو اتحادی حکومت نے صاف کیا اور معاشی استحکام والا پاکستان دے کر جا رہے ہیں، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے چھوڑ کر گئی، اتحادی حکومت نے اہم کام کیے، جب اقتدار سنبھالا تو معاشی صورتحال ابتر تھی، پی ٹی آئی حکومت نے چار سال ہر شعبے کو تباہ کیا، آٹا، چینی، بجلی اور گیس کا بحران پیدا کیا، موجودہ حکومت نے سب سے پہلے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام اگر کسی نے مکمل کیا تو نواز شریف نے 2016 میں کیا تھا، گزشتہ حکومت نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے پٹرول سستا کیا، چودہ ماہ میں ہم نے دوست ملکوں کے زخموں پر مرہم رکھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے دوست ملکوں کو ناراض کیا، انہوں نے خارجہ پالیسی کو تباہ کیا، ملک میں معاشی تباہی لائی گئی اور مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو معیشت، روزگار تباہ، کارخانے بند ہو چکے تھے، ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، 2018 میں ہم نے 6.2 فیصد پر ترقی کرتا ملک دیا تھا، پی ٹی آئی نے سستی گیس کے معاہدے کا موقع ضائع کیا، بجلی بنانے والے کارخانوں کو بند کر دیا، گزشتہ حکومت نے روس کے ساتھ سستے تیل پر سیاست کی، فرنس آئل مافیا کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایل این جی معاہدہ نہ کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ حالیہ سیلاب میں بہت زیادہ تباہی ہوئی، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے گئے، 70 ارب روپے کا مفت آٹا تقسیم کیا، چودہ ماہ میں ہم نے عوام کو ریلیف دیا، ملک کو ڈیفالٹ سے بچا کر معاشی استحکام دینا موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، موجودہ حکومت نے 3900 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ 350 ڈیم بنانے والوں نے عوام کو ڈیم فول بنا دیا، پی ٹی آئی کی طرف سے آج تک تخریب کاری جاری ہے، کہتے ہیں اگر ہم ساتھ نہ دیتے تو آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہوتا، آئی ایم ایف اس لیے تمہارے پاس آیا تھا کہ اب تخریب کاری نہ کرنا، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد معاشی استحکام آیا ہے، ہم آئی ایم ایف کی ایک ایک شرط پر عملدرآمد اور اسے مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام سے ہی عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے گی، ہم چاہتے تو یہ پہلے دن جیل میں ہوتے، گزشتہ چار سال میں اپوزیشن کیخلاف یہی کچھ کیا گیا، ہم نے ان کے کیس کو قانون کے حوالے کیا، دوسروں کو چور کہنے والا آج جواب نہیں دے رہا، چودہ ماہ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ چھاپ رہے ہیں، اگر چودہ ماہ میں بہتری آسکتی تھی تو گزشتہ چار سالوں میں کیوں نہیں آسکی؟۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ آج عمران پراجیکٹ والے بھی شرمندہ ہیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، الیکشن نگران سیٹ اپ میں ہوں گے، وزیر اعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں الیکشن 90 دن کے اندر ہوں گے، ووٹ لیکر دوبارہ ملک کی تعمیر کریں گے، نئی پارٹی بنانے کا جواب پرویز خٹک ہی دے سکتے ہیں، پی ٹی آئی مانگے تانگے کی پارٹی تھی۔