وزیر اعظم سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور اراکین پارلیمنٹ کے وفود کی ملاقاتیں

Published On 16 July,2023 07:34 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی قیادت میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران نے ملاقاتیں کیں۔

ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں سابق رکن اسمبلی نیلسن عظیم، سابق ارکان صوبائی اسمبلی ارشد وڑائچ، رانا لیاقت، عارف اقبال، رانا افضال، رانا عبدالستار، چودھری اکرام منشاء اللہ بٹ ، مسز شہزاد گلناز، ذیشان رفیق، محمد رفیق مغل اور خواجہ مقصود اختر شامل تھے، اس موقع پر مشیر وزیر اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ، رانا شمیم احمد خان بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے ہم چلے جائیں گے: وزیر اعظم شہباز شریف

اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے ملکی کی سیاسی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اراکین نے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سیالکوٹ کی انتظامیہ کو قومی و موجودہ شاہراہوں کی تعمیر، مرمت و بحالی کی ہدایت جاری کی۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالغفور ملک، سینئر نائب صدر وہاب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید، وومن چیمبر کی صدر ڈاکٹر مریم نعمان، ارشد بٹ، سہیل برلاس اور سرفراز بھٹی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی، وفد نے آئی ایم ایف معاہدے کی حتمی منظوری اور ملک کی معاشی بحالی پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ سیالکوٹ، طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی مفادات کیلئے سخت فیصلوں کے ساتھ کھڑے رہنے پر چیمبر کے ارکان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، وزیر اعظم نے ایکسپورٹرز کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ون ونڈو آپریشن سہولت مراکز کے قیام اور متعلقہ پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔