کراچی میں پانی و سیوریج پر 1 اعشاریہ 6 ارب ڈالر خرچ کریں گے: مرتضیٰ وہاب

Published On 17 July,2023 06:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر قائد میں ایک اعشاریہ 6 ارب ڈالر پانی، سیوریج کو ٹھیک کرنے کے لیے خرچ ہوں گے، ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کے روز کورنگی میں نئے پل کا افتتاح کریں گے۔

سٹی کاؤنسل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے مثبت کوشش کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی کوشش کی، بہت دکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج کاؤنسل میں شور شرابہ ہوتا رہا لیکن حافظ نعیم خاموش رہے، حافظ نعیم چاہتے ہیں کہ الزامات کی سیاست ہو۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت بیٹھنے کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے: مخدوم احمد محمود

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاسی اور نظریاتی اختلاف ہو سکتے ہیں، کراچی کی ترقی کے لئے کوئی تفریق نہیں، سب کو کہا کہ آئیں شہر کی ترقی کے لئے کام کرتے ہیں، عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام جماعتوں نے مل کر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی تاریخ میں کبھی سٹی کاؤنسل کے اجلاس سے قبل پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا، ہم نے پہلی مرتبہ پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کیا، ہمارا کوئی شخص پلے کارڈ لے کر نہیں آیا، نعرے بازی کر کے کاؤنسل کے اجلاس میں تلاوت کا تقدس بھی پامال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے لوگ نعرے بازی کر رہے تھے تو ہم چپ کرا رہے تھے، جماعت اسلامی کے لوگوں نے ڈیسک کے اوپر چڑھ کر نعرے بازی کی، حافظ نعیم فرعون کی طرح بیٹھے رہے، جماعت کیا روایت ڈال رہی ہے، جماعت بتائے کہ الیکشن مہم چلانے کے پیسے کہاں سے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورت شروع کر دی: قمر زمان کائرہ

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں سائن بورڈ مافیا نے جنم لیا، نعمت اللہ خان نے کراچی کے گلی محلوں کو کمرشل کر کے شہر کو تباہ کیا، جو رہائشی پلاٹ تھے وہاں 20، 20 منزلہ عمارتیں جماعت کی وجہ سے تعمیر ہوئیں، یہ احتجاج کرتے رہیں میں اپنا کام کروں گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ سویڈن کی قرارداد متفقہ طور پر منظور ہونی چاہئے تھی، سویڈن قرار داد کے دوران یہ نعرے لگاتے رہے، اگر نعیم الرحمان میری بات کو سنتے تو انہیں ترقیاتی کاموں بارے بتاتا، انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بھی وہی لوگ لگتے ہیں جو پانی کی لائنوں میں سریئے ڈالتے ہیں۔