اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو جے آئی ٹی کے سامنے 25 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کے معاملے پر مطلوبہ دستاویزات ساتھ لے کر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر ڈرامہ تھا، سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا: اعظم خان کا اعترافی بیان
نوٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا ہے، سابق وزیر اعظم کی جانب سے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم نے سائفر کے معاملے پر شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو طلب بھی کر لیا ہے، دونوں رہنماؤں کو 24 جولائی کو متعلقہ ریکارڈ اور شواہد کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔