سائفر کی تحقیقات: ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس وصول کروا دیا

Published On 20 July,2023 07:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر کے حوالے سے تحقیقات کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین کو زمان پارک میں نوٹس وصول کروا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک میں نوٹس وصول کروا دیا ہے، سابق وزیر اعظم کو طلبی کا نوٹس وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سی ٹی ڈبلیو ونگ نے وصول کروایا۔

نوٹس کے مطابق جے آئی ٹی سابق وزیر اعظم کی جانب سے سائفر لہرا کر قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کو خطرات میں ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے، طلبی کے نوٹس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو جے آئی ٹی کے سامنے 25 جولائی کو دن 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، سابق وزیر اعظم کو سائفر کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا اور انہیں متعلقہ دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔