سٹیٹ بینک اور ادارے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیئے گئے، مولانا فضل الرحمان

Published On 22 July,2023 10:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر اداروں کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا گیا۔

 

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیر صدرالدین راشدی سے ملاقات کی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما ذوالفقارمرزا اور فہمیدہ مرزا بھی ملاقات میں شریک تھیں۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں نگران حکومت کے قیام سے متعلق لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیر صدرالدین راشدی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ملاقات میں کچھ چیزیں شیئر کی ہیں وہ مثبت ہیں، نگران حکومت بنتی ہے تو وہ الیکشن کراتی ہے، مجھے الیکشن قریب نظر آتے ہیں۔

جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے کہا کہ نگران حکومت کو سوچنا ہے الیکشن کب اور کیسے ہوں گے؟ بطور پی ڈی ایم سربراہ قوم سے کچھ نہیں چھپایا، سی پیک منصوبے کی شکل میں چین کے ساتھ قرب اختیار کیا ہے، ملک میں میگا پراجیکٹس دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف نے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں۔